نئی دہلی، 23 ؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں جگہ نہ پانے سے مایوس ہندوستانی کرکٹر راہل شرما نے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے وہ ٹیم انڈیا میں جگہ بنا کر رہیں گے۔ ہندوستان کی طرف سے 4 ون ڈے اور دو ٹی 20 میچ کھیلنے والے راہل شرما اپنی اسٹیٹ اور گگلی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ راہل شرما کو عرفان اور ایشانت کی طرح آئی پی ایل 2017 میں کسی ٹیم میں جگہ نہیں ملی، اس پر راہل نے ٹویٹ کرتے لکھا کہ سخت محنت کرنے والوں کی ہار نہیں ہوتی، کرکٹ میری زندگی ہے اور کچھ بھی ہو جائے میں ٹیم انڈیا میں جگہ بنا کر رہوں گا۔ جالندھر کے راہل شرما کو ہندوستانی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کا زیادہ موقع نہیں ملا لیکن آئی پی ایل میں ان کی کارکردگی سب سے اچھی رہی ہے، اب وہ اپنی گیند بازی کے ساتھ بیٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ راہل سے پہلے عرفان پٹھان بھی سوشل میڈیا پر اپنا درد بیان کر چکے ہیں۔ پٹھان نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ میں نے اپنی زندگی اور کیریئر میں کئی رکاوٹوں کا سامنا کیا ہے، لیکن کبھی ہار نہیں مانی، یہ میرا کریکٹر ہے، مجھے ایسا ہی کرنا ہے اور ہمیشہ یہی کروں گا، ابھی میرے سامنے یہ رکاوٹ ہے لیکن میں آپ لوگوں کی دعا اور نیک خواہشات سے اسے پار کر لوں گا، مجھے اپنے شائقین سے یہی کہنا تھا جو مجھے اب بھی سپورٹ کر رہے ہیں۔